17 مئی 2021 - 10:45
فلسطین کی آزادی کی جنگ ایک تاریخی موڑ پر ہے: اسماعیل ہنیہ

اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کی جنگ ایک تاریخی باب رقم کرنے جارہی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حماس کے سربراہ نے موجودہ جنگ کو ایک نیا موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ استقامت ہی ملت فلسطین کے حقوق کے اعادے کا واحد راستہ ہے۔

فارس نیوز کے مطابق قدس اور مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدام کے بعد فلسطین کے استقامتی محاذ سے وابستہ گروہوں نے گزشتہ پیر کے روز سے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی اہداف کو اپنے راکٹ اور میزائیل حملوں کا نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔

حماس کے سربراہ اسمعیل ہنیہ نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے اندر دشمن کی توقع سے زیادہ توانائی اور حوصلہ موجود ہے اور اب تک جو کچھ دیکھنے میں آیا ہے وہ اپنے حقوق کے لئے ایک نامحدود اور بڑی جنگ کے تعلق سے ایک نیا باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور فلسطین کے تعلق سے عرب اسلامی دنیا کے وقار کے دوبارہ احیا کا مشاہدہ کررہے ہیں۔

اسمعیل ہنیہ نے کہا کہ اب تک جو کچھ ہوا ہے وہ فلسطین کے تعلق سے نیا موڑ ہے اور اس سے ثابت ہوتا کہ استقامت کے ذریعے ہی فلسطین کو آزاد اور اپنے کھوئے ہوئے حقوق کا اعادہ کیا جا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲